درخت کاٹنے پر 3 دن قید‘ 50 ہزار جرمانہ ہوگا: وزیراعلیٰ پنجاب نے منظوری دیدی
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں لاہور سمیت بڑے شہروں میں شجرکاری اور ہارٹیکلچر کے فروغ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں درخت کاٹنے پر سزا بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ درخت کاٹنے پر سمری ٹرائل ہوگا۔ کم از کم تین دن قید اور پچاس ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ اس مقصد کیلئے پی ایچ اے ایکٹ 2012ء میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ جلو پارک میں چینی ماڈل کی طرز پر جدید نرسری بنانے کے منصوبے اور درخت کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی ٹرانسپلانٹر خریدنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبوں کو ہارٹیکلچر کے ذریعے دیدہ زیب اور دلکش بنانا پنجاب حکومت کی پالیسی ہے جس کے تحت شہروں کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے سڑکوں کے درمیان ڈیوائیڈر پر درخت لگائے جائیں گے۔ لاہور سمیت بڑے شہروں میں ہارٹیکلچر اور شجرکاری کے فروغ کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات کئے جائیں۔ میٹرو بس کے روٹ‘ سٹیشنوں اور پلوں کو ہارٹیکلچر کے ذریعے خوبصورت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ادارہ جاتی میکانزم پر خصوصی توجہ دی جائے۔ محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر شجرکاری کے فروغ کیلئے جامع پلان تیار کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے ترکی کے معروف البراک گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین احمت البراک کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ انفراسٹرکچر‘ ٹرانسپورٹ اور انجینئرنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ ترک وفد نے انفراسٹرکچر‘ ٹرانسپورٹ اور انجینئرنگ کے شعبوں میں پنجاب کے ساتھ تعاون پر آمادگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات ہر آنے والے وقت کے ساتھ مستحکم ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سے سابق سپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے اوکاڑہ میں بی ایس سی کی طالبہ کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کرنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اوکاڑہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعلیٰ/ درخت کاٹنے پر سزا