زرداری کی بریت بدقسمتی اصل فائلیں گم کرنے کے ذمہ دار مشرف اور نیب ہیں : پرویز رشید
لاہور (اشرف ممتاز/ دی نیشن رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف اور نیب آصف علی زرداری کے خلاف ایس جی ایس کوٹیکنا ریفرنسز کی اصل فائلز کے غائب ہونے کے ذمہ دار ہیں۔ زرداری کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل نیب عدالت کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد وکلا کی مشاورت سے طے کریں گے۔ دی نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ زرداری کے خلاف کیس ریفرنس اصل فائلز نہ ہونے کے باعث مسترد ہوا تاہم ان کے خلاف کیس بہت مضبوط تھا۔ 1988ءمیں مسلم لیگ ن کی حکومت نے ٹھوس ثبوت کے ساتھ یہ کیس دائر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کی بریت بڑی بدقسمتی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ حکومت کو کب ان گمشدہ فائلوں کے بارے میں پتہ چلا تو انہوں نے کہا کہ یہ ریفرنس کی سماعت کے دوران پتہ چلا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عدالت نیب سے اصل فائلیں پیش کرنے کے لئے بہتر طور پر کہہ سکتی تھی۔ دستاویزات کی بنا پر مسلم لیگ ن کی حکومت نے بھی ریفرنس دائر کیا تھا۔ ہم کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے حق میں ہیں۔
پرویز رشید