امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین تنازع کا حل ضروری ہے: رضا ربانی
لندن (صباح نیوز) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے برطانوی پارلیمنٹ کو پاکستان میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر دولت مشترکہ کی علاقائی کانفرنس کی تجویز دے دی۔ برطانیہ کے دونوں ایوانوں اور اہم اداروں نے چیئرمین سینٹ کی تجویز کو سراہتے ہوئے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جہادی عنصر کی خطے میں اثر پزیری میں کمی و امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعے کا پرامن حل ضروری ہے پاکستان میں اداروں میں توازن اور آئینی اقدامات کے باعث وفاق مضبوط، صوبے با اختیار، عدلیہ آزاد اور جمہوری طرز حکمرانی کو فروغ ملا ہے اس امر کا اظہار انھوں نے برطانیہ میں اہم ملاقاتوں میں کیا۔ جمعرات کو جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے برطانیہ کے دورے کا دوسرا دن بھی انتہائی مصروف گزارا۔ انہوں نے برطانیہ میں آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ آف پاکستان کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے علاوہ لندن سکول آف اکنامکس میںــ ’’مضبوط، جمہوری، فلاحی پاکستان‘‘ کے موضوع پر منعقدہ عوامی اجتماع سے بھی خطاب کیا جبکہ انٹرنیشنل گروتھ سینیٹر کے افسران کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ لندن سکول آف اکنامکس میں خطاب کرتے ہوئے میاں رضا ربانی نے افغانستان سے روسی انخلاء کے بعد جہادی عنصر کی خطے میں اثر پزیری کے مسئلے سے نمٹنے کے علاوہ دنیا میں امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل پر زور دیا۔ رضا ربانی نے پاکستان کی معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور سیکورٹی کے مسائل سے شرکاء کو آگاہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ کیلئے پاکستان کو محفوظ بنانے کے علاوہ جمہوریت کی مضبوطی کے اقدامات اور آئین پاکستان کی بحالی اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے جمہوریت کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔ قبل ازیں چیئرمین سینیٹ نے انٹرنیشنل گروتھ سینٹر سے لندن سکول آف اکنامکس میں ان کے حکام سے ملاقات کی اور انہیں سینٹر کی کار کردگی اور پاکستان میں کئے گئے کام کے حوالے سے تفصیلی طو ر پر آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے پاکستان میں ہونے والی قانون سازی اور انسانی حقوق خاص طورپر خواتین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کی گئی قانون سازی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پارلیمانی راوبط کے فروغ پر زور دیا اور اس گروپ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔