بلاول اپنے نانا کی سیاست زندہ کرنے نکل پڑے‘ مستقبل پیپلزپارٹی کا ہے: منظور وٹو
لاہور (خبر نگار) پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ مستقبل بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی کا ہے۔ بلاول اپنے نانا کی سیاست کو زندہ کرنے کیلئے نکل پڑے ہیں۔ وہ مزاجاً وہی سیاست کر رہے ہیں جو ان کے نانا اور والدہ کرتی تھیں۔ نیب کا قانون پنجاب اور سندھ کیلئے الگ الگ ہے۔ سندھ سے امتیازی سلوک برتا جارہا ہے۔ اس کی مذمت کرتے ہیں۔ احتساب ہونا چاہئے مگر پنجاب میں بھی ہوتا نظر آنا چاہئے۔ جو بھی ملکی سرمایہ لوٹنے کے ذمہ دار ہیں‘ ان کا احتساب ہونا چاہئے۔ وہ پیپلزپارٹی پنجاب کے دفتر میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ اس سے قبل پیپلزپارٹی پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل اور پنجاب کونسل کا تعزیتی اجلاس ہوا جس میں پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر مخدوم امین فہیم مرحوم کی پارٹی کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور دعائے مغفرت کی گئی۔ منظور احمد وٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں ’’کم بیک‘‘ کیا ہے۔ لالہ موسیٰ میں چیئرمین بھی پیپلزپارٹی کا ہوگا۔ قصور‘ خانقاہ ڈوگراں‘ سرگودھا‘ صفدر آباد‘ نارنگ‘ اوکاڑہ میں پیپلزپارٹی نے واضح کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے بلاول بھٹو کے بارے عمران خان کے کمنٹس پر کہا کہ بلاول کی ٹریننگ اس کی والدہ مرحومہ بینظیر بھٹو کر چکی ہیں۔ جس طرح مچھلی کو تیرنا سیکھنے کی ضرورت نہیں ہوتی‘ اسی طرح بلاول کو کسی سے سیاست سیکھنے کی ضرورت نہیں۔ بلاول بلدیاتی انتخابات کے بعد پاکستان آرہے ہیں۔ انہوں نے لاہور آنے اور یہاں قیام کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ وہ امیر بیگم ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام 50 اجتماعی شادیوں میں بھی شریک ہونگے۔ انہوں نے آصف زرداری کو 17 طویل سال بعد بری قرار دیئے جانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹے کیس کا یہی انجام ہونا تھا۔