• news

پہاڑی علاقوں پر برفباری شروع سردی میں اضافہ، زمینی رابطے بند

اسلام آباد (آئی این پی+اے پی پی) ملک بھر میں سردی بڑھ گئی۔ ہنزہ اورنگر میں موسم سرما کی پہلی برف باری، استور اور گردونواح میں بارش ہوگئی جبکہ سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 7 ڈگری تک پہنچ گیا۔ ہنزہ اور نگر میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری نے سرد موسم کا پیغام دیدیا۔ اْدھرملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پہاڑوں پر برفباری اور بارش کا امکان ہے۔ ہنزہ اور نگر میں برفباری کا آغاز ہوتے ہی لوگوں نے گرم کپڑوں کی خریداری کے لئے دکانوں کا رخ کر لیا ہے۔ استور میں صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے ٹھنڈ اور بڑھ گئی۔ سندھ، بلوچستان سمیت ملک کے اکثر میدانی علاقوں میں بھی سردی بڑ ھنے لگے جبکہ خیبر پی کے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل چھائے ہوئے ہیں اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ اے پی پی کے مطابق منی مرگ، قمری، دیوسائی، چہلم، رٹو، میر ملک، درلے بالا چورت، داس خرم اور گدئی میں ایک سے 2فٹ تک تازہ برف پڑ چکی ہے جبکہ ان تمام علاقوں کی رابطہ سڑکیں بھی عارضی طور پر بند ہیں۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں مزید 24گھنٹوں تک بارش اور برفباری ہونے کا امکان ہے۔ اس وقت ضلع استور میں درجہ حرارت 5، سکردو4، غذر 5، دیا مر 7، گلگت 8، ہنزہ نگر 5 اور گانچے میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہیگا۔

ای پیپر-دی نیشن