پاکستانی ہائی کمشنر کو بھارتی ایوان صدر کی تقریب میں شرکت سے روک دیا گیا
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں سفارتی آداب کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو نئی دہلی کے راشٹر پتی بھون (بھارتی ایوان صدر) میں ہونیوالی کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت سے روکدیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بتایا کہ دعوت نامہ دس روز پہلے دیا گیا اور یاددہانی بھی کی گئی۔ راشٹر پٹی بھون میں کتاب کی تقریب رونمائی ہونا ہے لیکن گزشتہ روز ٹیلیفون کرکے بتایا گیا کہ دعوت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے آپ تقریب میں شرکت نہیں کر سکتے۔ اس حوالے سے معذرت بھی نہیں کی گئی۔ منتظمین نے کہا ہے کہ تقریب راشٹر پتی بھون میں ہونا ہے اور پرناب مکھرجی مہمان خصوصی ہیں اس کیلئے دفتر خارجہ سے اجازت لینا ضروری ہے جو نہیں لی گئی۔ امریکہ، فرانس اور سری لنکا کے ہائی کمشنرز کو بھی دعوت نامے بھجوائے گئے جو واپس لے لئے گئے۔
عبدالباسط