آئی سی سی کا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز کو ختم کرنے پر غور
دبئی(آن لائن) دنیا بھر میں ٹی20 کو سب سے مشہور فارمیٹ قرار دیا جاتا ہے اور اس فارمیٹ کی وجہ سے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کی مقبولیت میں زبردست کمی آئی ہے اس لئے کرکٹ کی عالمی تنظیم ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچوں کوختم کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے تاہم ہر دو سال بعد آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کا انعقاد ہوتا رہے گا۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں کی مقبولیت کو برقرار رکھنے کے لئے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں سے کہے گا کہ وہ اپنے ملکوں میں باقاعدگی سے ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کرائیں۔ دو سال بعد ورلڈ ٹی ٹوئینٹی میں تمام ملک شرکت کریں گے لیکن انٹر نیشنل ٹی20 کو ختم کرنے کی تجویز ہے۔ اس بارے میں معاملہ آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کو سونپاجاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی مقبولیت اس قدر کم ہوئی ہے کہ اسے بچانے کے لئے ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کو سات سال کے لئے دس دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکیٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا انعقاد خوش آئند ہے ، اس سے ٹیسٹ میچوں کو فروغ مل سکے گا اور تماشائی ٹیسٹ میچوں کے لئے گرائونڈ کا رخ کر سکیں گے۔ تین گھنٹے کی کرکٹ کو مصالحہ کرکٹ کہا جاتا ہے جس میں فلم کی طرح تین گھنٹے میں میچ کا نتیجہ سامنے آ جاتا ہے۔