2013 کے انتخابات کیلئے اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی مقناطیسی سیاہی کا استعمال غیرمنصفانہ تھا
اسلام آباد (آن لائن) جوڈیشل کمشن میں تحریک انصاف کے اعتراضات کے بعد آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے بھی 2013ء کے عام انتخابات کے لئے اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور مقناطیسی سیاہی کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے ان پر اعتراض کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آڈیٹر جنرل کی سال 2014-15ء کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشن نے 11 مئی 2013ء کے عام انتخابات میں 16 کروڑ 99 لاکھ 53 ہزار ووٹرز کے مقابلے میں 18 کروڑ 17 لاکھ 43 ہزار بیلٹ پیپرز شائع کئے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دو روپے نوے پیسے فی بیلٹ پیپر کے حساب سے ایک کروڑ 17 لاکھ 90 ہزار اضافی بیلٹ پیپرز شائع ہوئے جن پر 3 کروڑ 41 لاکھ 92 ہزار روپے لاگت آئی۔ اے جی پی آفس نے حلقہ بہ حلقہ اور پولنگ سٹیشن کے لحاظ سے بیلٹ پیپرز کی فراہمی کی تفصیلات مانگی ہیں۔