لیگی ایم این اے چودھری عابد رضا کی 6 افراد کے قتل کیس میں بریت سپریم کورٹ نے ریکارڈ طلب کر لیا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے گجرات کے انتخابی حلقہ 107سے (ن) لیگ کے ایم این اے چودھری عابد رضا کے خلاف 6 افراد کو قتل کرنے کے کیس میں راضی نامہ ہونے پر خصوصی عدالت کے بری کرنے کے خلاف ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران ماتحت عدالت سے مقدمے کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا جبکہ ملزم کے وکیل کو مقدمے کی تیاری کے لئے مہلت دیتے ہوئے سماعت دسمبر کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔ جمعہ کو چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی تو چودھری عابد رضا اپنے وکیل منیر احمد بھٹی کے ہمراہ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ایک رات قبل ہی اپنا وکیل مقرر کیا ہے جسے مقدمے کی تیاری کے لئے کچھ مہلت دی جائے انہیں وارنٹ موصول ہو گئے اور عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد کریں گے جس پر عدالت نے وکیل کو مقدمے کی تیاری کے لئے مہلت دیدی۔ عدالت نے ماتحت عدالت سے مقدمے کا تمام ریکارڈ بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔