• news

اسلام آباد میں پہلے بلدیاتی الیکشن کل ہونگے انتخابی مہم ختم‘ 5 جنرل کونسلر بلامقابلہ منتخب

اسلام آباد (اے پی پی+ آئی این پی) اسلام آباد میں تار یخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات کل پیر کو ہوں گے جبکہ الیکشن ہم رات 12بجے سے ختم ہو چکی ہے۔ 6 لاکھ 76 ہزار 795ووٹر آئندہ 4سال کے لئے 2407امیدواروں میں سے 50یونین کونسلوں میں اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ الیکشن کمشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے، 40لاکھ بیلٹ پیپرز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔آئی این پی کے مطابق بلامقابلہ منتخب ہونے والے امیدواروں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ 300 جنرل ممبرز میں سے 5 امیدوار بلامقابلہ منتخب جبکہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کا کوئی امیدوار بلامقابلہ منتخب نہیں ہو سکا۔ بلدیاتی انتخابات کا حتمی سکیورٹی پلان الیکشن کمشن کو موصول ہو گیا ہے۔ الیکشن کمشن کے ذرائع کے مطابق پولنگ سٹیشنز میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا، ووٹ ڈالنے کے بعد ووٹرز کو پولنگ سٹیشن میں رکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر یونین کونسل میں 2 موٹر سائیکلوں پر پولیس کے 4 جوان گشت کریں گے۔ حساس علاقوں میں فوج گشت کریگی۔
اسلام آباد/ الیکشن

ای پیپر-دی نیشن