• news

کراچی آپریشن میں کمی نہیں ہو گی‘ تیزی آئیگی : نثار :....متحدہ‘ پیپلز پارٹی کے تحفظات ہیں دو دور کرنے کو تیار ہیں‘

واہ کینٹ (ایجنسیاں) وزیر داخلہ چودھری نثار نے عندیہ دیا ہے کہ کراچی آپریشن میں اب کمی نہیں ہوگی بلکہ اُسے مزید تیز کیا جائیگا اور حکومت صحافیوں کے تحفظ کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے، پچھلے چند ہفتوں میں کراچی آپریشن میں تیزی آئی ہے جس سے حالات بہتر ہوئے ہیں، ایم کیو ایم یا پیپلز پارٹی کے کراچی آپریشن پر کوئی تحفظات ہیں تو وہ دور کرنے کو تیار ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کراچی میں صحافیوں کو نشانہ بنانا بہت تشویشناک ہے، بیماری پر ہی مریض کا آپریشن کیا جاتا ہے ،کراچی میں آپریشن ایسے ہی جاری رہیگا، وفاقی وزارت داخلہ اسے مانیٹر کررہی ہے، 2013ءاور آج کے شہر قائد میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ایم کیو ایم نے 28اگست 2013ءکو آپریشن کا مطالبہ کیا، تمام پارٹیوں سے مشاورت کرکے اس آپریشن کا آغاز کیا، جس کے بعد حالات میں بہتری آئی، رینجرز پر حملے کے بعد دہشت گردوں کی گرفتاری اور ان کے خاتمے کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے، افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز ملک میں امن و امان کے لئے بہتر خدمات انجام دے رہے ہیں جس کے باعث ملک کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ ڈاکٹر عاصم کیس کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کیس میں جو بھی ہوگا قانون کے مطابق ہوگا۔ رینجرز نے ڈاکٹر عاصم سے جو تفتیش کی اس کی رپورٹ مل چکی ہے۔ نیب کی تفتیش سے میں مکمل باخبر ہوں۔ بلوچستان کے امن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 2013 ءمیں پہلی بار کوئٹہ گیا تو سنسان شہر تھا، آج 90 فیصد پنجابی بلوچستان اور کوئٹہ واپس آچکے ہیں۔ پہلے کی نسبت کوئٹہ کے حالات میں بہت بہتری آچکی ہے۔ نجی ٹی وین حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں واقعے پر افسوس ہے مگر حالات اتنے بھی بُرے نہیں، صحافی اب بھی نشانہ بن رہے ہیں جو تشویشناک ہے تاہم حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ چودھری نثار نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ہزاروں کی تعداد میں جعلی شناختی کارڈ جاری کئے۔ نادرا کے اندر جن لوگوں نے جعلی شناختی کارڈ جاری کئے ان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ 200 سے زائد ملازمین کو ادارے سے نکالا گیا اور ان کیخلاف مقدمات بھی درج ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن