کراچی: فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق مختلف علاقوں سے 10 دہشت گرد 7 ٹارگٹ کلر گرفتار
کراچی (نمائندہ نوائے وقت) کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد ہلاک جبکہ 4شہری زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گلبرگ تھانے کی حدود کریم آباد کے قریب موٹرسائیکل سوار افراد نے موٹرسائیکل سوار 40سالہ ریاض حسین کو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ نارتھ ناظم آباد بلاک کیو میں ڈکیتی مزاحمت پر 18 سالہ صنوفر الیاس مسیح اور 20 سالہ جون، عمار یاسر سوسائٹی میں اسد اور عامر زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء شیر شاہ تھانے کی حدود محمدی روڈ گلی نمبر 42 افغان بلڈنگ کے قریب فائرنگ سے 28 سالہ گل زرین جاں بحق اور 6 ماہ کی مریم شاہنواز زخمی ہوگئی، فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش اور زخمی بچی کو فوری طور پر سول ہسپتال پہنچایا۔ مقتول گل زرین کا اپنی بیوی سے کئی روز سے جھگڑا چل رہا تھا۔ دریں اثناء رینجرز نے اتحاد ٹائون، ماڑی پور زمان ٹائون اور قائد آباد میں ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گردوں اور 7 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔