• news

آسٹریلیا نے پاکستان کو قطر سے بھی سستی ایل این جی فراہم کرنے کی پیشکش کر دی

اسلام آباد (آن لائن) آسٹریلیا نے پاکستان کو قطر کے مقابلے میں سستی ایل این جی مہیا کرنے کی پیشکش کر دی۔ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت آسٹریلیا نے پاکستان سے بھرپور تعاون کرنے کی پیشکش کر دی۔ آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ اڈمسن نے پاکستان آسٹریلیا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کیلئے سنہری موقع ہے کہ آسٹریلین ٹیکنالوجی‘ جدید ساز و سامان اور آسٹریلین سروسز سے فائدہ اٹھائیں تاکہ اپنے زرعی اور ٹیکنیکل پیداوار زیادہ کر سکیں۔ آسٹریلیا بجلی بحران اور دوسرے مسائل کے حل کیلئے اپنے ماہرین کی خدمات دینے کیلئے بھی تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پہلے سے کوئلہ‘ لوہا اور دھات درآمد کر رہا ہے اور لیدر‘ ٹیکسٹائل اور سرجیکل چیزیں آسٹریلیا برآمدات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا آسٹریلیا میں دنیا کی بہترین کمپنیاں موجود ہیں جو ڈیم منصوبوں اور توانائی منصوبوں پر مہارت رکھتی ہیں اور حکومت آسٹریلیا ہر شعبے میں مکمل تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ پاکستان کی معیشت کی بہتری کیلئے ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستانی طالب علموں کو آسٹریلیا کی مختلف یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم دی جا رہی ہے اور اس وقت آسٹریلیا کی یونیورسٹیوں میں 15000 طالبعلم زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین معاشی دفاعی اور تجارتی تعاون کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور آسٹریلیا ہر شعبے کی بہتری کیلئے تعاون کرنے میں پہل کرے گا۔
آسٹریلیا/ پیشکش

ای پیپر-دی نیشن