• news

توانائی کے شعبے میں نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے کیلئے پاکستان امریکی کانفرس کل واشنگٹن میں ہو گی

واشنگٹن (اے پی پی) شفاف توانائی کے شعبے میں نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے پاکستان امریکہ دو روزہ کانفرنس یکم دسمبر کو واشنگٹن میں شروع ہوگی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس بات کا اعلان ایک امریکی عہدیدار نے اپنے بیان میں کیا۔ کانفرنس کی میزبانی یو ایس ایڈ کرے گا جبکہ کانفرنس میں امریکہ سمیت بین الاقوامی اور پاکستانی ادارے اور سرمایہ کار شریک ہوں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کانفرنس واشنگٹن میں یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں منعقد ہو گی۔ کانفرنس کے پہلے دن پاکستان کے وزیر برائے پانی وبجلی خواجہ محمد آصف اور امریکہ کے لئے پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی خطاب کریں گے۔ پاکستان اورافغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن، وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اوردیگر اعلیٰ حکام بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ اس کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ امریکہ کے موقع پرکیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن