پاکستان عالمی ماحولیاتی کانفرنس سے ساری دنیا کو فائدہ ملنے کی توقع کرتا ہے: زاہد حامد
پیرس (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لینا ہے‘ پاکستان پیرس کانفرنس سے ساری دنیا کو فائدہ ملنے کی توقع کرتا ہے‘ تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ گرین ہائوس گیسز کم کریں۔ وہ اتوار کو پیرس میں عالمی کانفرنس برائے ماحولیاتی تبدیلی میں شرکت کے موقع پر نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کا مقصد عالمی سطح پر رونما ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لینا ہے۔ پاکستان سب سے زیادہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے اور یہاں سے گرین ہائوس گیسز کا اخراج سب سے کم ہوتا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک زیادہ کاربن گیس کا اخراج کرتے ہیں۔ ان پر گرین ہائوس گیسز کے اثرات کو کم کرنے کی زیادہ ذمہ داری ہے۔ گرین ہائوس گیسز کے اخراج کو کم کرنے کیلئے بنائے جانے والے قوانین بھی متوازن بنائے جائیں۔