پشاور، ہنگو میں سرچ آپریشن، 4 دہشت گردوں سمیت 79 مشتبہ افراد گرفتار
پشاور+ ہنگو (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) پشاور اور ہنگو میں سرچ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں اور 15 افغان باشندوں سمیت 79 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس اور سکیورٹی فورسز نے حسن گڑھی میں سرچ آپریشن کے دوران 6 افغان مہاجرین سمیت 50 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق مشترکہ سرچ آپریشن تھانہ مچنی گیٹ کی حدود میں کیا گیا اور حسن گڑھی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں آپریشن کے دوران 150سے زائد مکانات کی تلاشی لی گئی جبکہ اس موقع پر لیڈی پولیس، بی ڈی یو اور سراغ رساں کتوں کی ٹیمیں بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ علاوہ ازیں ہنگو کے علاقے دوآبہ میں فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 9 افغانیوں سمیت 25 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ گزشتہ روز فورسز نے ہنگو کے علاقے دوآبہ میں سرچ آپریشن کیا۔ علاوہ ازیں پشاور پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ نے تباہی کے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے محلہ شاہی آباد میں تاجر کے مکان کے قریب نصب بم ناکارہ بنا دیا۔ بی ڈی یو کی جانب سے ناکارہ بنائے گئے بم میں 3کلو گرام باروی مواد کو ٹائم ڈیوائس سے منسلک کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے مبینہ طور پر بھتہ دینے سے انکار پر تاجر زیارت گل کی مکان کے قریب بم نصب کیا تھا پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ علاوہ ازیں پشاور پولیس نے تین ماہ قبل سرچ آپریشن کے دوران پولیس پارٹی پر حملہ کرکے 4 اہلکاروں کوشہید کرنے میں ملوث 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے جن کے قبضہ سے چار کلاشنکوف اور سینکڑوں کارتوس برآمد ہوئے مذکورہ حملہ میں 6 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی میں ایک اشتہاری ملزم اسلم نیاز مارا گیا تھا۔