اسلام آباد: بزرگ، معذور افراد بھی پولنگ سٹیشنوں پر پہنچے، ضعیف شہری کو کندھے پر اٹھا کرلایا گیا،106 سالہ خاتون اور ایک دلہن نے بھی ووٹ کاسٹ کیا
اسلام آباد(اے این این) اسلام آباد میں پہلی بارہونے والے بلدیاتی انتخابات میں گہما گہمی نظر آئی، نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بزرگ اور معذور افراد بھی حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ سٹیشن پہنچے۔ یونین کونسل 10میں ایک دلہن ووٹ ڈال کر روشن مثال بن گئی۔ دیہی علاقے جھنگ سیداں پولنگ سٹیشن 24پر بزرگ خاتون شاہ بی بی وہیل چیئر پر ووٹ ڈالنے آئیں، ایک باہمت معذور نوجوان بھی وہیل چیئر پرووٹ ڈالنے آیا۔ یوسی 29پولنگ سٹیشن 8میں ایک معذورخاتون ایمبولینس میں بیٹھ کر ووٹ ڈالنے پولنگ سٹیشن پہنچیں، ایک ٹانگ سے محروم شخص بھی بیساکھی کے سہارے ووٹ ڈالنے پولنگ سٹیشن پہنچا، تو ایک شخص ضعیف شہری کو اپنے کندھے پر اٹھا کر پولنگ سٹیشن لایا۔ یوسی 42میں 90سال کے بزرگ جب کہ ایک اور پولنگ سٹیشن پر 80سالہ معمر جوڑا ووٹ ڈالنے پہنچا جبکہ 106 سالہ معمرخاتون نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔