عامرخان کی توہین کرنے والی ویب سائٹ ہیک، دیوانوں نے تصویر پر پڑنے والے تھپڑ کو پیار میں بدل دیا
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) بھارتی انتہا پسندوں نے شرانگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمان سپرسٹار عامر خان سے نفرت کے اظہارکیلئے طلباء سے ویب سائٹ بنوا لی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس ویب سائٹ پر وزٹ کرنے والا کوئی بھی شخص عامر خان کی تصویر کو تھپڑ مار سکتا ہے۔ واضح رہے گزشتہ ہفتے عامر خان نے بھارت میں بڑھتی عدم برداشت کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا تھا، جس پر حکومتی جماعت بی جے پی اور انتہا پسند ہندو جماعت شیو سینا ان کیخلاف کھڑی ہوگئی اور نفرت انگیز مہم چلائی۔ شیوسینا کے رہنما نے چند روز قبل عامر خان کو تھپڑ مارنے پر ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا تھا، اسی تناظر میں طلبہ نے ویب سائٹ بنائی۔ اداکار عامر خان کے چاہتے والے بھی میدان میں آگئے عامر خان کو تھپڑ مارنے کی ویب سائٹ ہیک کر لی۔ تھپڑ کو پیار سے بدل دیا۔ چند منٹوں میں لاکھوں پرستاروں نے عامر خان سے یکجہتی کا اظہار کر ڈالا۔