• news

شیریں مزاری کی بیٹی نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ووٹ دیا‘میرے گھر والوں پر کوئی پابندی نہیں : ترجمان چیئرمین تحریک انصاف

اسلام آباد (این این آئی/ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی ترجمان شیریں مزاری کی بیٹی ایمان حاضر نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن)کے امیدوار کو ووٹ دیا جس پر پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا استعمال کر نے والے کارکنوں نے شیریں مزاری پر سخت تنقید کی جس کا ایمان حاضر نے بھرپور جواب دیتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی والوں نے اسلام آباد کو جمہوریت کا ٹائلٹ بنا دیا ہے اور میری والدہ پر صرف اسلئے سخت تنقید کی جا رہی ہے کہ میں نے ووٹ کا حق اپنی رائے کے مطابق کیوں استعمال کیا؟ تاہم دوسری جانب شیریں مزاری نے ٹوئٹر پر مختصر پیغام میں کہاکہ اگرچہ میں پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں لیکن میرے گھر والوں پر کوئی ایسی پابندی نہیں اور یہی جمہوریت ہے کہ سب اپنی رائے کے مطابق ووٹ دیں، مجھ پر تنقید کر نے والوں کا رویہ فاشسٹ ہے۔ ایمان حاضر نے اپنے والد کے ہمراہ ووٹ کا حق استعمال کیا اور بعد ازاں اپنے والد کی اور اپنی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر جاری کیں اور لکھا کہ اگرچہ ہم اکٹھے ووٹ دینے گئے تھے لیکن ہم نے الگ الگ امیدواروں کو ووٹ دیا اور جمہوریت گھر سے شروع ہوتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن