بھولا گجر قتل کیس: پولیس نے رانا ثنا کیخلاف بیانات کو ناکافی شواہد قرار دیدیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) بھولا گجر قتل کیس میں پولیس نے دوبارہ تفتیش کرتے ہوئے نوید کمانڈو کے اعتراف جرم پر وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے خلاف بیانات کو ناکافی شواہد قرار دیا ہے اور رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جمع کروا دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تفتیشی آفیسر عرفان اللہ خان کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نوید کمانڈو نے پولیس اور عدالت کو اعتراف جرم کا بیان دیا کہ اس نے بھولا گجر کو قتل رانا ثناء اللہ کے کہنے پر قتل کیا اور عدالت نے بیان کی روشنی میں رپورٹ جمع کروانے کا کہا جس پر وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور پولیس افسران سمیت 21 افراد کے بیانات قلمبند کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نوید کمانڈو اپنے الزامات کا ثبوت فراہم نہیں کر سکا اور وزیر قانون سمیت دیگر افراد کے اس قتل کیس میں ملوث ہونے کے بارے میں شواہد نہیں ملے۔ پولیس تفتیش کو عدالتی مثل کا حصہ بنا دیا گیا ہے اور عدالتی ذرائع کے مطابق 2 دسمبر کو تفتیشی آفیسر ایس ایس پی آپریشنز کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے ۔