• news

گوادر جانے پر پابندیوں سے بلوچوں کا احساس محرومی بڑھ رہا ہے: اختر مینگل

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ گوادر ہمارے آبائواجداد کی سرزمین ہے، ایسی ترقی ہمارے لئے نہیں جہاں ہمارے فرزندوں پر اپنے علاقوں میں جانے پر پابندیاں عائد کی جائیں، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ بلوچوں کے احساسات، جذبات کو اولیت دی جاتی لیکن حکمرانوں کی پالیسیاں اس کے برعکس ہیں گوادر کے غیور بلوچوں کے احساس محرومی میں اضافہ ہو رہا ہے اور جن خدشات کا اظہار گوادر سے متعلق کیا تھا تو آج درست ثابت ہو رہے ہیں اب تو گوادر کے مقامی بلوچ اپنے ہی گھروں میں جانے کیلئے انٹری کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ حبیب جالب بلوچ کی یاد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم نے بلوچستان اور بلوچ قوم کے اجتماعی مفادات کے لئے آواز بلند کی جب ہم ماضی میں یہ کہتے تھے کہ میگا پروجیکٹس جو ہمارے عوام کیلئے نہیں بلکہ اغیار کو ساحل بلوچ پر آباد کرنے کی پالیسیاں ہیں تو بہت سے علمی و فکری حوالے سے نابلد لوگوں نے کہا کہ بی این پی کی قیادت ترقی و خوشحالی کی مخالف ہے۔ آج بلوچستان کے لوگ جان چکے کہ ہم نے تحفظات، خدشات کا ذکر کیا گیا وہ آج درست ثابت ہو چکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بلوچستان کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور اپنی سرزمین کی زبان ثقافت کیلئے قربانیاں دیں۔ آج ڈنڈے کا دور نہیں بلکہ ہمیں اکیسویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان شعور و قلم کو اپنا ہتھیار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و زیادتیوں سے قوموں کو نیست و نابود نہیں کیا جا سکتا مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ہم اس ترقی و خوشحالی کی حمایت کرتے ہیں جس کے اختیارات بلوچستان کے پاس ہوں۔ ہم بلوچ عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن