قائداعظم سولر پاور پارک بہاولپور کی نجکاری کا تاحال فیصلہ نہیں ہوا: سیکرٹری انرجی پنجاب
لاہور (نیوز رپورٹر) سیکرٹری انرجی پنجاب اسد گیلانی نے کہا ہے کہ قائداعظم سولر پاور پارک بہاولپور کی نجکاری کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا۔ نوائے وقت سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہو گا۔ ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا کہ قائداعظم سولر پاور پارک بہاولپور کی نجکاری کرنی ہے یا نہیں کرنی۔ دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی ایوانوں میں اس بات کی بازگشت ہو رہی ہے کہ قائداعظم سولر پارک بہاولپور کی نجکاری کر دی جائے کیونکہ قائداعظم سولر پارک بہاولپور جو کہ 1 ہزار میگاواٹ کا منصوبہ ہے اور جس میں 100 میگاواٹ بجلی کا پہلا منصوبہ لگایا گیا ہے جس کا وزیراعظم پاکستان نے مئی 2015ء میں افتتاح کیا تھا، 100 میگاواٹ کی بجائے صرف 18 میگواٹ بجلی ہی پیدا کی جا رہی ہے اور 24 روپے فی یونٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے جبکہ نیپرا نے 12 روپے فی یونٹ بجلی کا نرخ مقرر کیا تھا۔ ایسی صورتحال کے بعد یہی فیصلہ کیا گیا تھا کہ قائداعظم سولر پارک بہاولپور کی مکمل نجکاری کر دی جائے۔