ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی: الیکشن کمشن نے علیم خان کی درخواست ٹربیونل کو بھجوا دی
لاہور (این این آئی) سیکرٹری الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کے امیدوار عبد العلیم خان کی طرف سے این اے 122کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کیخلاف درخواست الیکشن ٹربیونل لاہور کو بھجوا دی ، درخواست پر سماعت کیلئے رواں ہفتے ہی تاریخ دئیے جانے کا امکان ہے ۔ این اے 122کے ضمنی انتخاب میں ناکام پی ٹی آئی کے امیدوار عبد العلیم خان نے الیکشن کمشن کو درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھاکہ مذکورہ حلقے میں منعقدہ ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ کے سردار ایاز صادق کو کامیاب کرانے کے لئے ووٹر وں کی منتقلی کے ذریعے منظم دھاندلی کی گئی اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے ووٹرز کو این اے 122میںمنتقل کیا گیا جبکہ پی ٹی آئی کے ووٹرز کو دوسرے حلقوں میںمنتقل کر دیا گیا۔ ضمنی الیکشن کالعدم قرار دیا جائے، سیکرٹری الیکشن نے درخواست مزید کارروائی کے لئے الیکشن ٹربیونل لاہور کو بھجوا دی ہے۔