• news

زرداری کیخلاف جھوٹے مقدمات بنانے پر نوازشریف معافی مانگیں: پیپلزپارٹی

لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی لاہور نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف زرداری پر بنائے گئے جھوٹے اور بے بنیا د مقدمات میں زرداری کے باعزت بری ہونے پر میڈیا پر آکر پیپلز پارٹی کی قیادت سے معافی مانگیں۔ یہ مطالبہ پیپلز پارٹی کے 48ویں یوم تاسیس پر تقریب میں پیش کی گئی قرارداد میں کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر اشرف بھٹی کے ڈیرے خدا بخش کالونی ائیرپورٹ روڈ پر کیا گیا تھا۔ صدارت لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے کی۔ تقریب سے چودھری اعتزاز احسن‘ لطیف کھوسہ‘ منظور وٹو‘ تنویر اشرف کائرہ‘ اورنگزیب برکی‘ الطاف قریشی‘ بیلم حسنین‘ نوید چودھری‘ عارف خان اور بابر سہیل بٹ نے بھی خطاب کیا۔ یوم تاسیس کے موقع پر سیکرٹری اطلاعات لاہور فیصل میر نے چار قراردادیں پیش کیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ دوسری قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں متعدد بار اس بات کا اظہار کیا اگر انہیں شہید کردیا گیا تو سابق جنرل(ر) پرویز مشرف اس کا ذمہ دار ہو گا ہم عدلیہ اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پرویز مشرف کو اس مقدمے میں بچانے کے لئے جو کوشیشیں کی گئیں انہیں روکا جائے۔ چودھری اعتزاز احسن نے کہا میاں نواز شریف ملک کے سب سے بڑے ٹیکس چور ہیں۔ وہ پوری دنیا کے امیر ترین شخص بن چکے ہیں لیکن کوئی ان سے پوچھنے والا نہیں ہے کہ ان کے پاس اتنے پیسے کہاں سے آئے ہیں۔ لطیف کھوسہ نے کہا وزیراعظم کے بیٹے حسن نواز نے دنیا بھر میں جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔ منظور وٹو نے کہا بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا پاکستان کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔ سیاسی نظام کو کوئی خطرہ نہیں اب پیپلز پارٹی ڈٹ کر اپوزیشن کرے گی۔ ثمینہ خالد گھرکی نے کہا آج بھی سب سے بڑی جماعت پیپلز پارٹی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن