دہلی کی اسمبلی میں ہنگامہ بی جے پی کے 2 ارکان کو ایوان سے گھسیٹ کر باہر پھینک دیا
نئی دہلی (آئی این پی+ آن لائن) دہلی کے ریاستی اسمبلی میں جان لوک پال بل پر بی جے پی نے ہنگامہ آرائی کی ، بی جے پی کے رکن وجیندر گپتا اور جگدیش پردھان کواسمبلی سے گھسیٹ کر باہر نکال دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بی جے پی کے ارکان نے جان لوک پال بل کے خلاف شدید احتجاج کیا ، بی جے پی کے اراکین نے اسمبلی میں شور شرابہ کرتے ہوئے حکمران جماعت عام آدمی پارٹی کے خلاف نعرے لگائے، خاموش نہ ہونے پر بی جے پی کے رکن وجیندر گپتا اور جگدیش پردھان کو اسمبلی سے گھسیٹ کر باہر نکالا گیا۔دوسری طرف کانگریس پارٹی نے پارلیمنٹ کے سامنے ملک میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے خلاف مظاہرہ کیا ، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا۔