بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کیخلاف کارروائی کیلئے ڈرون طیارے استعمال کرنے پر غور
سرینگر(آن لائن)شمالی کشمیر کے جنگلوں میں موجود مجاہدین کے خلاف بھارت ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال پر غور کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وادی میں موجود فوجی افسران نے مرکزی وزارت داخلہ کو آگاہ کیا ہے کہ گھنے جنگلات میں موجود مجاہدین کو قابو کرنے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی اور ہتھیار بچ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کشمیر کے ہائی ہامہ اور منی گاہ کپواڑہ کے جنگلوں میں عسکریت پسندوں کو تلاش کرنے کیلئے پچھلے 17 دنوں سے جاری آپریشن کے دوران سات مرتبہ عسکریت پسند چکمہ دے کر فرار ہو چکے ہیں اگرچہ فورسز نے پورے جنگل کو محاصرے میں لے رکھا تھا تاہم ابھی تک عسکریت پسندوں کا سراغ نہیں لگا۔ رپورٹ کے مطابق فورسز اہلکاروں کو تحفظ فراہم کرنے اور جنگلوں میں موجود عسکریت پسندوں کو مار گرانے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے پر سنجیدگی کے ساتھ غور ہو رہا ہے اور اس سلسلے میں وادی میں تعینات فوج نے وزارت دفاع کو ہری جھنڈی دکھائی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے لائن آف کنٹرول اور حد متارکہ پر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ خفیہ اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ پچھلے کئی ہفتوں سے لشکر طیبہ اور جیش محمد کے 25 عسکریت پسند اس طرف آنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ وزارت داخلہ نے سرحدوں پر تعینات فوج کو احکامات صادر کئے ہیں کہ وہ چوبیس گھنٹے متحرک رہے۔