• news

اسلام آباد: تحریک انصاف کے 216، مسلم لیگ ن کے 198اور 107آزاد کونسلر کامیاب

اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آبادکے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف 50 یونین کونسلز میں مجموعی طور پر 216سیٹوں کے ساتھ سرفہرست رہی، مسلم لیگ ن 198کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، 107 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، جماعت اسلامی نے8 پیپلزپارٹی نے7نشستیں حاصل کیں۔ اسلام آبادکے بلدیاتی انتخابات کے غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق اسلام آباد کی50 یونین کونسلزکی 550 نشستوں میں تحریک انصاف نے جنرل، اقلیتی، خواتین اورکسان کونسلرز سمیت تحریک انصاف نے کل216 سیٹیں حاصل کیں جبکہ 22 چیئرمینوں سمیت198نشستوں کے ساتھ مسلم لیگ ن دوسرے نمبر پر رہی ،107 آزاد امیدواروں نے بھی کامیابی حاصل کی، جماعت اسلامی کے8 اور پیپلز پارٹی7 امیدوارکامیاب ہوئے ہیں، 13یونین کونسل میں اقلیتی امیدوار نہ ہونے پر سیٹیں خالی ہیں۔ علاوہ ازیں سرکاری نتائج کے مطابق اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے چیئرمین کی 19 نشستیں حاصل کیں۔ تحریک انصاف نے چیئرمین کی 17 نشستیں جیت لیں جبکہ آزاد امیدوار 13 نشستوں پر کامیاب ہو گئے۔ الیکشن کمشن ذرائع کے مطابق یونین کونسل نمبر چار پر چیئرمین کے عہدے کے دو امیدواروںکے ووٹ برابر رہے۔ یو سی نمبر 4 پر کامیابی کا فیصلہ ٹاس کے ذریعے کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد ’’شہر اقتدار‘‘ کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی قیادت کی طرف سے آزاد امیدواروں سے رابطوں اور جوڑ و توڑ کا سلسلہ شروع ہوگیا، مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو آزاد ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے 5 ناراض چیئرمینوں سمیت 9آزاد ارکان نے حمایت کا یقین دلایا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے اسد عمر نے بھی بعض آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن