• news

عوام نے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو پذیرائی بخشی، دھرنا سیاست کو مسترد کیا: عابد شیر

فیصل آباد+ ملتان (نمائندہ خصوصی+ آن لائن) حکومت کی بہتر حکمت عملی اور کامیاب پالیسوں کی بدولت ملک میں خوشحالی آ رہی ہے۔ مزدور کو روزگار میسر آ رہا ہے اور ملکی انڈسٹری پھر سے اپنے پائوں پر کھڑا ہو چکی ہے۔ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ملک اندھیروں سے نکل کر روشنیوں میں آ جائے گا اور ملک لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کر لے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی نے سمن آباد کے علاقے امین آباد میں گیس کی فراہمی کے موقع پر موجود لوگوں سے کیا۔ اس موقع پر سابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی‘ وائس چیئرمین پی ایچ اے چودھری اکبر علی غوری و دیگر مسلم لیگی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ پیرس دہشت گردی کے خاتمہ میں تعاون کیلئے مدد گار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کا رخ کرلیا ہے ۔ انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کا انعقاد حکومت پنجاب کا سنہر ا کارنامہ ہے۔ چودھری عابد شیرعلی نے کہا کہ عوام میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوںنے پہلے‘ دوسرے اور تیسرے مرحلے کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو بھر پور پذیرائی بخشی اور دھرنا سیاست کو ہرسطح پر مسترد کردیا۔ علاوہ ازیں میپکو ہیڈکوارٹر ملتان میں افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے جارہی ہے تاکہ صارفین بجلی کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کرتے کہا کہ لائن لاسز کو کم کرنا اور واجبات کی فوری ریکوری کرنا ہماری ذمہ داری اور ترجیحات ہیں۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو میپکو فضل اللہ درانی نے بریفنگ دی۔

ای پیپر-دی نیشن