چین کی مدد سے اسلام آباد میں لاجسٹک پارک بنائیں گے: رانا تنویر
اسلام آباد (این ین آئی)چین کی مدد سے اسلام آباد میں سائنس ٗ ٹیکنالوجی ٗ تجارت و لاجسٹک پارک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر ڈیڑھ ارب ڈالر لاگت آئیگی ٗ منصوبے کیلئے زمین حکومت پاکستان دیگی جس کیلئے وفاقی دارالحکومت میں تین مقامات کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور چینی وفد جلد اسے حتمی شکل دیگا جبکہ پارک کے قیام پر تمام تر سرمایہ کاری چین کی طرف سے کی جائیگی اور یہ منصوبہ دس سال میں تین مراحل میں مکمل ہوگا۔ منگل کو یہاں پریس کانفرنس میں منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہاکہ یہ پارک بھی چین پاکستان اقتصادی راہداری کا حصہ ہے اس سے پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی اور تجارتی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی جبکہ چینی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ۔اس پارک کیلئے تین مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے اور چین کی سنکیانگ پروڈکشن اینڈ کنسٹریشن کارپوریشن کا ایک وفد رواں ماہ پاکستان کا دورہ کر کے جگہ کو حتمی شکل دیگا ۔