لاکھڑا پاور پلانٹ کا ایک یونٹ بند ہونے سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، پی اے سی ذیلی کمیٹی میں انکشاف
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں کوئلے سے چلنے والے لاکھڑا پاور پلانٹ کے ایک یونٹ کے بند ہونے سے قومی خزانے کو اربوں کے نقصان کا انکشاف ہوا‘ 1993-95 میں تعمیر ہونے والا بجلی گھر ناقص حالت میں ہے اب بھی کام نہیں کررہا‘ لاکھڑا پاور پلانٹ کے مزید دو یونٹ بھی بند کردیئے گئے ہیں‘ سیکرٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈاگا نے بتایا تینوں یونٹس کبھی بھی ایک ساتھ نہیں چلائے گئے‘ ان پلانٹس کا ڈیزائن بھی صحیح نہیں بنایا گیا‘ آڈٹ حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ اس پر کمیٹی بنائی گئی ہے مگر ذمہ داری کسی پر نہیں ڈالی گئی‘ پی اے سی کی ذیلی کمیٹی نے ایک ماہ میں اس پر رپورٹ طلب کرلی‘ کمیٹی ممبر شفقت محمود نے کہا کہ حکومت کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے نئے منصوبے بنا رہی ہے اور دیگر ممالک میں اس سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے اور وہ اس کو بند کرنے پر غور کر رہے ہیں۔