کارکنوں کے متعلق قرارداد کی مخالفت پر انسانی حقوق کمشن کی تشویش
اسلام آباد (بی بی سی) پاکستان کمشن برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ پاکستان نے گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے متعلق ایک قرارداد کی مخالفت کی ہے جس میں دنیا کی حکومتوں سے ان کے کردار کو تسلیم کرنے اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قرارداد 25 نومبر کو منظور کی گئی جس کی 117 ممالک نے حمایت کی۔ ’مگر ایچ آر سی پی کو یہ جان کے بہت دکھ ہوا کہ قرارداد کی مخالفت کرنے والے 14 ملکوں میں پاکستان بھی شامل ہے۔‘ کمشن کہتا ہے کہ قرارداد کی مخالفت کرنے والے تمام ملکوں کا تعلق افریقی اور ایشیائی خطوں سے ہے جبکہ قرارداد پر رائے شماری میں حصہ نہ لینے والے چالیس ملکوں کی اکثریت کا تعلق بھی انہی خطوں سے ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کے محافظ انتہائی خطرناک حالات میں کام کرتے ہیں اور اسی وجہ سے ریاستوں سے یہ امید کی جاتی ہے کہ وہ ان کے کام میں تعاون اور ان کے تحفظ کے لئے پہلے سے زیادہ پرعزم ہوں گی لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ انسانی حقوق کے محافظوں کو افریقہ اور ایشیا میں مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔