• news

فیصل آباد: اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے گھر دن دیہاڑے ڈکیتی، اہلخانہ کو یرغمال بناکر 13 تولہ زیورات، نقدی لوٹ لی

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کا گھر لوٹ لیا۔ چار ڈاکو اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 13تولہ طلائی زیورات اور چار ہزار روپے نقدی چھین لی۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو آرڈی نیشن زاہد مسعود نظامی کے گھر محلہ عباس نگر گلی نمبر2 میں گزشتہ دوپہر دو موٹرسائیکلوں پر چار ڈاکو گھس آئے اور اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 13تولہ طلائی زیورات اور چار ہزار روپے چھین لئے۔ ڈاکو فرار ہوتے وقت موبائل فونز کی سمیں اور بیٹریاں بھی نکال کر لے گئے۔ وقوعہ کے وقت اسسٹنٹ ڈائریکٹر زاہد مسعود نظامی لاہور تھے۔ اطلاع ملنے پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد ایوب خان نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ رضا آباد انسپکٹر منیر احمد کو اپنے دفتر طلب کر کے فی الفور ملزموں کی گرفتاری اور مسروقہ سامان برآمد کرنے کا حکم دیا جبکہ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے ڈی ایس پی سرکل گلبرگ مظہر گوندل کو بھی ڈاکوئوں کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔ پولیس نے وقوعہ کا معائنہ کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ دریں اثناء ڈکیتی، چوری و راہزنی کی 20وارداتوں کے دوران شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی و قیمتی سامان چھین لیا گیا۔ شہری پانچ موٹرسائیکلوں اور 2کاروں سے محروم ہو گئے۔ مزاحمت پر ایک شخص زخمی۔ صدر کے علاقہ زبیر کالونی میں شہزاد سے چار ڈاکوؤں نے 20ہزار روپے چھین لئے۔ ملت ٹاؤن کے علاقہ چناب ملز کے قریب ناصر سے تین ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل چھین لی۔ سرگودھا روڈ پر راٹھور ہسپتال کے باہر سے فہد اقبال کی کار چوری ہو گئی۔ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ ضیاء ٹاؤن میں چھ ڈاکوؤں نے قیصر کے گھر دیوار پھلانگ کر داخل ہو کر بھاری مالیت کا سامان لوٹ لیا۔ ٹھیکریوالہ کے علاقہ 67ج۔ب سدھار میں ڈاکٹر فیصل کے گھر گھسنے والے چار ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو باندھ کر چار لاکھ روپے نقدی و زیورات لوٹ لئے۔

ای پیپر-دی نیشن