15 دسمبر کے بعد سیاسی پارٹی سے وابستگی کا اعلان کروں گا: جاوید ہاشمی
ملتان (آن لائن) بزرگ سیاست دان و تحریک انصاف کے سابق رہنما جاوید ہاشمی 15 دسمبر کے بعدپارٹی سے وابستگی کا اعلان کریں گے۔ صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے نتائج سے تحریک انصاف کو اپنی حیثیت کا پتہ چل گیا ہوگا۔ تحریک انصاف کو بلدیاتی الیکشن میں بری طرح شکست ہوئی ہے، پنجاب میں الیکشن نتائج سے پارٹی قیادت کو دھچکا لگا ان کو سمجھ آگئی ہوگی کہ تحریک انصاف کہاں کھڑی ہے؟ اسلام آباد میں تحریک انصاف کی اکثریت زیادہ تھی تاہم اس کے باوجود بھی وہ میئر بنانے کی پوزیشن میں نہیں۔ چیئرمین پارٹی عمران خان کو سوچنا ہوگا کہ عوام ان کو ووٹ کیوں نہیں دیتی،صرف جلسوں میں عوام کو دیکھ کر مقبولیت کا اندازہ لگانا غلط ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ پنجاب کے تیسرے مرحلے میں بھی تحریک انصاف کو پہلے کی طرح شکست ہوگی جبکہ ملتان کے نتائج ثابت کریں گے کہ تحریک انصاف کی مقبولیت صفر ہے۔ سیاسی پارٹی سے وابستگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کا 15 دسمبر کے بعد اعلان کروں گا، دوستوں اور رشتہ داروں سے مشاورت جاری ہے۔