خارجہ پالیسی پارلیمنٹ میں بننی چاہئے: محمود اچکزئی
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پشتونخوا میپ محمود خان اچکزئی نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی پارلیمنٹ میں بننی چاہئے۔ پشتونخواہ میپ پارلیمنٹ کی پالیسی کو تسلیم کرے گی۔ امن ہو گا تو اقتصادی راہداری منصوبہ مکمل ہو سکے گا۔ فاٹا کے عوام کو باور کرانا ہو گا کہ وہ پاکستان کا حصہ ہیں۔ فاٹا کے دل جیتے بغیر اصلاحات بارآور ثابت نہیں ہو سکتیں۔ فاٹا میں بہت نقصان ہوا، گھر، مارکیٹیں تباہ اور لوگ بے دخل ہوئے۔ جلسہ میں گوادر کاشغر راہداری کے مغربی روٹ پر کام کیلئے اور فرقہ واریت کے خاتمے کی قرارداد منظور کرلی گئی۔ محمود اچکزئی نے مزید کہاکہ جب تک پاکستان افغانستان میں عدم اعتماد کی فضا ہے امن قائم نہیں ہو سکتا۔