• news

نوازشریف مسلمانوں پر ظلم کے خاتمے تک بھارت سے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کریں: حافظ سعید

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کشمیری و بھارتی مسلمانوں پر ظلم کے خاتمہ تک بھارت سے کسی قسم کے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کریں۔ نریندر مودی سے ملاقات اور مسکراہٹوں کے تبادلہ کیلئے نہتے مسلمانوں پر مظالم کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے۔ وکلاء قائداعظم کے وارث بن کرمسئلہ کشمیر کے حل اور ہندو انتہاپسندی کیخلاف ملک گیر تحریک کھڑی کریں۔ مظلوم کشمیری مائیں، بہنیں آپکی منتظر ہیں۔ بی جے پی اور نریندر مودی نے ہندوستان میں مسلمانوں کو جینا دوبھر کردیا۔ نت نئے بہانوں سے مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ بھارت نواز حسینہ واجد بھی محب وطن پاکستانیوںکو پھانسیوں کی سزائیں دے رہی ہے‘ اس سے ایک بار پھر نظریہ پاکستان پروان چڑھ رہا ہے۔ حکومت پاکستان اس مسئلہ کو تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے۔ وہ پاکستان جسٹس پارٹی کے زیراہتمام لاہور ہائیکورٹ کے کراچی شہداء ہال میں ’’مسئلہ کشمیر اور بھارت میں ہندو انتہاپسندی‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ملک منصف اعوان، جسٹس (ر) خضر حیات، سید منظور گیلانی، عبدالرشید قریشی، عمران حسین گھمن ،شرجیل شیخ، ڈاکٹر انور گوندل، نور محمد سرفراز، رانا عبدالحفیظ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ اس وقت پورے برصغیر میں نظریہ پاکستان پروان چڑھ رہا ہے۔ حکومتوں نے اس سلسلہ میں جوکردار ادا کیا وہ تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ کشمیر ان شاء اللہ پاکستان کا حصہ بن کر رہیگا۔ بعض لوگ تھرڈ آپشن کی بات کرتے تھے۔ پرویز مشرف نے بھی مسئلہ کشمیرسے متعلق کئی آپشن پیش کئے تاہم کشمیریوںنے کبھی ان آپشنز کو تسلیم نہیں کیا۔ آج کشمیری قوم کا بچہ بچہ پاکستانی پرچم لیکر کھڑا ہے۔ کشمیریوں کو وہ آزادی لیکر دے گا جو کرسی کی بجائے آزادی سے پیار کریگا۔ کشمیریوں پر ظلم و تشدد اور بھارت میں ہندو انتہاپسندی کیخلاف بھرپور تحریک اٹھانے کی ضرورت ہے۔ مسلم اُمہ کو متحد ہو کر بھارت سرکار کی دہشت گردی سے آگاہ کرنا چاہیے۔ ملک منصف اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہمارا کشمیر کا مسئلہ ہے جب تک حل نہیں ہوتا، دوستی، تجارت، کرکٹ بے معنی ہے۔ اس موقع پر منصف اعوان نے دو قراردادیں پیش کیں جنہیں منظور کر لیا گیا، جسٹس (ر) خضر حیات نے کہا کہ لاکھوں کشمیری مسلمانوں کے حقوق بھارت پامال کر رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر موجود اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے۔ منظور گیلانی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنا چاہئے۔ عمران حسین گھمن ، شرجیل شیخ، شبنم ناگی، ڈاکٹر محمد انور گوندل، عبدالحفیظ رانا اور دیگر نے کہاکہ کشمیر کے مظلوم عوام کی سسکیاں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھرپور جدوجہد کی ضرورت ہے۔ سیمینار کے دوران وکلاء کی جانب سے کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیریوں سے رشتہ کیا‘ لاالہ الااللہ اور حافظ سعید قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں ‘ کے زوردار نعرے لگائے جاتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن