• news

تمام شہریوں کو علاج کی سہولتیں، غریب بچوں کی تعلیم مفت ہو گی: سراج الحق نے منشور دیدیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے خوشحال پاکستان اور اسلامی پاکستان کا منشور پیش کر دیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ پشاور کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے خوشحال پاکستان میں غریب کا ہر بچہ مفت تعلیم حاصل کرے گا اور تمام شہریوں کو صحت کی سہولیات مفت حاصل ہوں گی۔ کم از کم پانچ مہلک بیماریوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ ان بیماریوں میں کینسر، امراض قلب، گردوں کی بیماری، یرقان اور تھیلاسیمیا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اراضی اور کارخانوں کی پیداوارا میں مالک کے ساتھ کسان اور مزدور بھی حصہ دار ہو گا۔ اس کے علاوہ خواتین کو ہر طرح کے حقوق دیے جائیں گے اور کسی بھی منتخب ادارے کا رکن منتخب ہونے کے لیے امیدواروں کو اپنی بہن سے سرٹیفیکیٹ لا کر پیش کرنا ہوگا کہ امیدوار نے اسکے تمام حقوق دئیے ہیں اور 70سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کو الائونس ملا کرے گا۔ سراج الحق نے کہا کہ بدقسمتی سے یہاں ہر سال چار ہزار ارب روپے کرپشن کی نذر ہوتے ہیں ۔ اس کا خاتمہ کیا جائے تو خوشحال پاکستان کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایک صوبہ یو پی میں پاکستان بھر میں موجود پی ایچ ڈیز کی تعداد سے زیادہ پی ایچ ڈیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ تعلیم ہے۔ یہ کتنی بدقسمتی ہے کہ مرکزی اور چاروں صوبائی وزرائے تعلیم کے اپنے بچے سرکاری اداروں میں نہیں پڑھتے اس لیے سرکاری تعلیمی اداروں میں بیت الخلا ہے نہ پانی کا انتظام، اساتذہ کی تعداد مطلوبہ معیار اور تعداد سے کہیں کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موقع ملا تو کسی ایسے شخص کو وزیر تعلیم نہیں بنایا جائے گا جس کے بچے سرکاری تعلیمی اداروں میں نہیں پڑھتے۔ اس کے علاوہ تمام تعلیمی اور جدید اداروںکا ایک ہی نصاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا نظام لائیں گے جس میں ہر غریب شخص کا بیٹا اور بیٹی رکن اسمبلی، سینیٹر اور وزیر بن سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن