حضرت امام حسینؓ کے چہلم پر مذہبی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے: حمزہ شہباز
لاہور (خبر نگار) چیئرمین پبلک افیئرز یونٹ حمزہ شہباز نے ہدایت کی ہے کہ حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر لاہور شہر اور صوبے بھر میں امن و امان نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں کسی قسم کی غفلت کوتاہی نہ برتی جائے، بالخصوص دہشت گردی کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر پہلو سے حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں۔ بعض ملک دشمن عناصر ایسے مواقع پر فرقہ بندی کے نام پر امن تباہ کرنے کی سازش کرسکتے ہیں۔ عاشورہ کی طرح چہلم کے موقع پر بھی فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ قانون نافذکرنے والی ایجنسیوں کے علاوہ اوقاف اور دیگر متعلقہ محکمے بھی اپنے فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی تاخیر نہ کریں۔ جلوس کے راستوں پر سخت سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ کسی بھی فرقے کے نام پر تقسیم اور منافرت پیدا کرنا مذہب اور معاشرے کی کوئی خدمت نہیں، اسلام کے نام لیوا سب ایک ہیں۔ چہلم کے موقع پر ہر ضلع میں کنٹرول روم کو بھی موثر رکھا جائے۔ حمزہ شہباز نے مسلم لیگی کارکنوں اور پارٹی عہدیداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ چہلم کے موقع پر امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔