بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ: پنجاب میں صرف 170 خواتین الیکشن لڑیں گی
اسلام آباد (انعام الحق خٹک، دی نیشن رپورٹ) پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے میں 12 اضلاع میں صرف 170 خواتین بھی الیکشن لڑیں گی۔ الیکشن کمشن کی رپورٹ کے مطابق ضلع جھنگ میں صرف ایک اقلیتی خاتون چیئرمین کیلئے الیکشن لڑ رہی ہیں۔ پنجاب کے 12 اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 7.899 ملین ہے۔ صرف 90 مسلم اور 51 غیرمسلم خواتین جنرل سیٹوں کے لیے 18 مسلم خواتین چیئرمین اور 8 وائس چیئرمین کے لیے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ عورت فائونڈیشن کی ڈائریکٹر ایڈووکیسی رابعہ ہادی نے کہا کہ کوئی سیاسی پارٹی بھی خواتین کارکنوں کو ٹکٹ دینے کیلئے تیار نہیں۔ سیاسی پارٹیوں کے رہنما چاہتے ہیں کہ خواتین صرف ووٹ ڈالتی رہیں۔ لبرل سیاسی پارٹیاں بھی عورتوں کو سائیڈ لائن کررہی ہیں۔ انکا کہنا تھا صوبے میں عورتیں متاثر ہوتی رہیں گی۔ سیاستدان سوسائٹی میں نمائندگی کیلئے عورتوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے۔