دہشت گردی کا خطرہ: لاہور سمیت7 ریلوے سٹیشنز کی سکیورٹی ہائی الرٹ ، چار دیواری تعمیر کی جائے گی
لاہور (این این آئی) ملک کے 7 اہم ریلوے سٹیشنوں کی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، بجٹ کی منظوری کے بعد ان کی حدود کے گرد چاردیواری قائم کرنے کا کام شروع کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ضربِ عضب کے کامیا ب آپریشن کے ردعمل میں دہشت گردی کے ممکنہ خدشے سے نمٹنے کی تیاریاں، اہم ریلوے سٹیشنوں اور ٹرینوں کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں 7 ریلوے سٹیشنوں لاہور، کراچی، روہڑی، راولپنڈی، فیصل آباد، واہگہ اور کوئٹہ کی چار دیواریاں تعمیر کی جائیں گی۔ لاہور اور واہگہ ریلوے سٹیشنوں پر چار دیواریوں کی تعمیر کا کام شروع، ان دیواروں کی اونچائی 10فٹ اور چوڑائی 18انچ رکھی جا رہی ہے، مزید3فٹ اونچی خار دار تاریں بھی لگائی جائیں گی۔ چار دیواریوں کے ساتھ چیک پوسٹوں کی بھی تعمیرکی جائے گی، جن پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے ساتھ جدید اسلحہ سے لیس کمانڈورز بھی تعینات کئے جائیں گے۔ یہ کمانڈوز دور بین اور وائرلیس سیٹ سے بھی لیس ہوں گے۔ ٹرینوں میں محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے ریلوے سٹیشنوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے مسافروں اور ان کے سامان کی تلاشی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا۔