کراچی میں امن کو یرغمال بنانے والی قوتیں مٹا دی جائیں گی: خواجہ آصف
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امن کیلئے ملکی سلامتی کے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کراچی کے امن کو یرغمال بنانے والی قوتیں مٹا دی جائیں گی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ملک ہیں۔ نواز مودی ملاقات سے خطے میں کشیدگی کم ہوگی۔ واشنگٹن میں جاری دو روزہ انرجی انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں گے۔ جبکہ کوریا کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے 100میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ وزیر پانی و بجلی نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سول اور ملٹری قیادت میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام ادارے دہشتگردی کیخلاف جنگ کی حمایت کرتے ہیں۔ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ امریکہ توانائی کے شعبہ میں پاکستان کا انتہائی اہم پارٹنر ہے۔ موجودہ حکومت ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔