جھنگ: گٹر میں گر کر 50 سالہ شخص جاں بحق ورثاء کا احتجاج، ٹریفک بند کر دی
جھنگ (نامہ نگار) محلہ جلال آباد میں گٹر میں گر ایک 50 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا، ورثاء نے احتجاج کیا۔ محلہ جلال آباد کا صغیر کھلے مین ہول میں گرنے سے دم توڑ گیا جس پر ورثاء نے اس کی میت کو فیصل آباد پھاٹک پر رکھ کر احتجاج کیا اور جھنگ فیصل آباد روڈ تمام قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دی۔ ورثاء کا کہنا تھا عرصہ دراز سے محلہ جلال آباد کا سیوریج سسٹم خراب ہونے کی وجہ اس کی اکثر گلیوں میں گندہ پانی کھڑا ہو جانے سے یہ علاقہ کافی عرصہ سے مسائل کا شکار ہے اس سے پہلے بھی کچھ عرصہ قبل ایک بچہ کھلے میں ہول میں گر کر جاں بحق ہو چکا ہے اور انہوں اس مسئلے کے حل کے لئے کئی بار ٹی ایم اے کو شکایت بھی کی ہے لیکن ان کی جانب سے تاحال ان کے اس مسئلے کا کوئی حل نہیں نکالا جاسکا۔ تقریباً ایک گھنٹہ ٹریفک بند رہنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس نے مظاہرین کو یقین دہانی کروائی جلد ان کے مسئلے کا حل کردیا جائے گا جس پر لوگ پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔