40 ارب کے نئے ٹیکس آئی ایم ایف کے دبائو پر لگائے گئے: پرویز مشرف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ 40 ارب کے نئے ٹیکسوں کے حوالے سے وزیرخزانہ کی وضاحت گمراہ کن ہے۔ بنیادی اشیاء ضروریہ کو بھی لگژری قرار دیدیا، نئے ٹیکس آئی ایم ایف کے دبائو پر لگائے گئے ہیں۔ مہنگائی کا طوفان آجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نئے ٹیکسوں کا نفاذ منی بجٹ ہے جسے مسترد کرتے ہیں۔ حکومت کی وضاحت گمراہ کن ہے کہ یہ صرف لگژری اشیاء پر عائد کئے گئے ہیں۔وزیرخزانہ بتائیں کیا پھل، سبزیاں اور صابن جیسی چیزیں اشیاء تعیش میں شامل ہیں؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس کوئی مفید قابل عمل پروگرام نہیں ہے۔ یہ صرف قرض لیکر اپنا وقت پورا کرنا چاہتے ہیں۔ پہلے ہی ہوشربا مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کا بجٹ بری طرح سے متاثر ہے۔ حالیہ ٹیکسوں کے نفاذ سے مہنگائی کا سیلاب آجائیگا جو عوام کی برداشت سے باہر ہوگا۔ جنرل (ر) پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہئے کہ عوام کے لئے مزید مشکلات پیدا کرنے کی بجائے انہیں ریلیف دے۔