• news

لیسکو افسر ٹھیک طرح کام کریں یا گھر چلے جائیں: بورڈ آف ڈائریکٹرز

لاہور ( کامرس رپورٹر ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے چیف ایگزیکٹو سمیت سینئر عہدیداروں کو لیسکو کے معاملات کو بہتر طریقے سے چلانے کی حتمی تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے مزید کوتاہی بردادشت نہیں کی جائے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ’’ٹھیک ہو جائیں یا گھر چلے جائیں‘‘ کاواضح پیغام لیسکو انتظامیہ کو حتمی تنبیہ کے طور پر حالیہ ہفتوں میں ہونے والے پے در پے اجلاسوں میں دیا گیا ہے۔بورڈ آف ڈائریکٹرزکے فیصلہ کے مطابق معاملات کی بہتری کیلئے مقرر کردہ اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے لیسکو انتظامیہ کے ساتھ ہفتہ وار بنیادوں پر اجلاس بھی منعقد کئے جا رہے ہیں۔ کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر کی کارکردگی کے حوالے سے حالیہ دنوں میں مسلسل سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں اور خاص طور پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کے گزشتہ اجلاس میں غیر آڈیٹڈ حسابات کو پیش کرنے پر بھی انکی سرزنش کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ پھولنگر کے علاقے میں بلنگ سے متعلق گیارہ کروڑ روپے کے گھپلے پر بھی سی ایف او کے غیر فعال کردار پر سوال اٹھائے گئے تھے۔ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے معاملات درست نہ ہونے پر بالآخر سی ایف او کو انکے عہدے سے گزشتہ دنوںہٹا دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن