• news

کوئٹہ: پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، تعداد 5 ہو گئی ‘بلوچستان میں انسدادی مہم میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کو برطرف کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، نورزئی کالونی کے 25ماہ کے بچے رب نواز ولد عالم خان نورزئی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد رواں سال کوئٹہ میں مجموعی طور پر پولیو کیسز کی تعداد پانچ جبکہ بلوچستان بھر میں 7 ہوگئی ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر بلوچستان کے سربراہ ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ نئے کیس سامنے آنے سے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں۔ والد انکاری تھا اور اب تک 90فیصد سے زائد انکاری والدین کو قائل کر دیا گیا ہے اور سو فیصد تک نہیں پہنچ پاتے تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پولیو کیس کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالم خان ایک مزدور ہے اور تواتر کے ساتھ کچلاک آتا جاتا ہے اس نے اپنے بچے کو قطرے پلانے سے انکار کیا اور بچے کو ایک بار بھی قطرے نہیں پلائے۔ دوسری طرف چمن سمیت پاک افغان سرحدی علاقوں میں پولیو مہم موثر انداز میں نہ چلانے اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے بلوچستان میں 14 دسمبر کو انسداد پولیو کی تین روزہ خصوصی مہم چلانے کے سلسلے میں ڈی سی چمن کے زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پولیو سے متاثرہ اور ہائی رسک زون چمن، قلعہ عبداللہ اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں مہم کو موثر انداز میں چلانے کے ساتھ ساتھ متعلقہ اہلکاروں کی غفلت کے صورت میں انہیں نوکری سے برطرف کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن