رئوف صدیقی کی عبوری ضمانت میں 7 دسمبر تک توسیع، مقدمات کی بھرمار کر دی گئی، سر نہیں جھکاؤں گا: رہنما متحدہ
کراچی (این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کے رہنما رئوف صدیقی کی ڈاکٹر عاصم کیس میں 7دسمبر تک عبوری حفاطتی ضمانت میں توسیع کردی ہے۔ رؤف صدیقی نے درخواست ضمانت دائر کی تھی کہ نارتھ ناظم آباد میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف دہشت گردوں کے علاج کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس میں ان کا نام بھی شامل ہے لیکن ان کا اس سارے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ میڈیا سے عدالت کے باہر گفتگو میں رؤف صدیقی نے شعری تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’سچائی شہید ہوتے تو دیکھی ہے ہمیشہ اب جھوٹ سرِ دارِ گلستان بھی تو دیکھوں‘‘۔ اگرمجھے اس جھوٹے، بے بنیاد، لغو اور ناانصافی پر قائم مقدمے کیلئے سپریم کورٹ تک بھی جانا پڑا تو جائوں گا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو ڈھائی ماہ سے مجھے تنگ کرنے اور پریشان کرنے کیلئے مجھ پر مقدمات کی بھرمار کر دی گئی ہے۔ میری طاقت اور قوت میری سچائی ہے۔ سچائی کی قیمت اگر میرا سر ہے تو میں سر دے دوں گا، جھوٹ کے آگے میں سرنگوں نہیں ہونگا۔