بھارت کو جنگی ہیلی کاپٹرز کی شدید کمی کا سامنا ،5 برسوں میں 30 تباہ
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کو جنگی ہیلی کاپٹرز کی شدید کمی کا سامنا ہے اور گزشتہ 5 برسوں میں فوج کے 30 ہیلی کاپٹر تباہ جب کہ 50 اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔بھارتی اخبار’’ٹائمز آف انڈیا‘‘ کے مطابق وزیر دفاع منوہر پاریکر کی جانب سے ایوان بالا راجیہ سبھا میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے ملک میں جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹرز کے تباہ ہونے کی وجوہات زائدالمعیاد مشینیں، پائلٹ کی غیر معیاری ٹریننگ اور ناقص مینٹینس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2010 سے اب تک 28 ہیلی کاپٹرز تباہ ہو چکے ہیں اور زیادہ تر حادثات کی بڑی وجوہات تیکنیکی خرابیاں اور انسانی غلطیاں تھیں، 2011 سے اب تک بھارتی فضائیہ کے 5 ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہو چکے ہیں۔