• news

بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنیکی بھارتی سازشیں کامیاب نہیں ہونگی: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بی جے پی اور مودی سرکار کی بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ مسجدیں اللہ کا گھر ہیں ان کی جگہ کچھ اور نہیں بن سکتا۔ بابری مسجد کی جگہ دوبارہ مسجد ہی تعمیر ہو گی اور اس کے دفاع کیلئے مسلمان اپنی جانیں تک قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ جامع مسجد القادسیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بھارت میں تشدد اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ محض گھر میں گائے کا گوشت رکھنے کی افواہ پھیلا کر فسادات بھڑکائے جاتے ہیں اور مسلمان باپ بیٹے کو زبردستی گھر سے گھسیٹ کا باہر نکالا اور پھر شہید کر دیا جاتا ہے۔ بھارتی مسلمان بہت زیادہ کسمپرسی کی حالت میں ہیں۔ کشمیر میں قتل و غارت گری انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ نریندر مودی نے بھارتی فوجیوں کیلئے نئے پیکج کا اعلان کیا ہے کہ جن فوجی اہلکاروںنے کشمیر میں ڈیوٹی کی ہے انہیں وہاں مفت گھر بنا کر دیئے جائیں گے ۔ آٹھ لاکھ بھارتی فوج پہلے سے مقبوضہ کشمیر میں ہے اور وہاں تعینات رہنے والے فوجیوں کو گھر تعمیر کرکے دینے کا مطلب انہیں وہاں مستقل بسا کر مسلم آبادی کے تناسب کو کم کرنے کی خوفناک سازش ہے۔ آج اگر کشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑا جاتا ہے اور بھارت میں مسلمانوں کیخلاف وحشت اور درندگی پروان چڑھتی ہے تو یہ پورے برصغیر کا مسئلہ ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ پاکستانی حکمرانوں کو کشمیری و بھارتی مسلمانوں پر ظلم و ستم کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن