• news

’’ہدایات کیوں نہیں مانیں‘‘ ذیلی کمیٹی ریلوے حکام پر برس پڑی

اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کی ذیلی کمیٹی نے ہدایات پر عمل نہ کرنے والے وزارت ریلوے کے حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 4 ماہ پہلے کمیٹی نے ہدایات دی تھیں، جن پر ابھی تک عمل کام نہیں ہوسکا 82 کنال زمین جس کی مالیت 17 کروڑ روپے ہے، اسکا ریکارڈ ہی نہیں، ریلوے کے اپنے لوگوں نے سی ڈی اے سے ملی بھگت کرکے زمین دی، کمیٹی نے ڈی جی لیگل کے اجلاس میں نہ آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی اور ایم ڈی اب لاہور میں نہ بیٹھیں انکی من مانی نہیں چلے گی۔ ہمارے بلانے پر بھی نہیں آتے ہم نے ٹھیکہ نہیں لیا، ریلوے حکام کا کام بھی کمیٹی کو کرنا پڑرہاہے۔ کمیٹی نے اگلے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی کو طلب کرلیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنونیئر کمیٹی رمیش لال کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں وزارت ریلوے کی جانب سے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ گذشتہ 2سالوں میں 2ارب 55کروڑ 32لاکھ روپے کی ریلوے کی اراضی واگزارکروائی گئی ہے جس میں 51ایکڑ زرعی زمین،کمرشل14ایکڑ جبکہ رہائشی11ایکڑ شامل ہے جبکہ گذشتہ 4ماہ میں6کروڑ58لاکھ روپے کی اراضی واگزار کرائی گئی، جس پر کمیٹی نے ریلوے کی کارکردگی کو سراہا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس وقت 198کیسز چل رہے ہیں۔ قبضہ کرنے والوں کیخلاف بڑی تعداد میں ایف آئی آر کٹوائی گئیں، کمیٹی نے لاڑکانہ میں بوگی میں لگنے والی آگ کے حوالے سے تفصیلات بھی آئندہ اجلاس میں طلب کرلیں۔

ای پیپر-دی نیشن