سپریم کورٹ بار نے ایڈہاک ججز کی تعیناتی کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار کے سینئر وکلاء نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ میں سابق جج طارق پرویز اور خلجی عارف حسین کی بطور ایڈہاک جج ممکنہ تعیناتی کیخلاف احتجاج کیا جائیگا۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان ممکنہ تعیناتیوں کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ سیکرٹری سپریم کورٹ بار اسد منظور بٹ نے کہا کہ ججز کیس کے فیصلے کی روشنی میں ایڈہاک جج نہیں لگائے جا سکتے۔ سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کہتی ہیں کہ بار اس معاملے پر احتجاجی تحریک چلائیگی اور پارلیمانی کمیٹی برائے ججز کے سامنے پیش ہو کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیگی۔ عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ دونوں ججز سینئر ہو کر ریٹائر ہوئے، اب دوبارہ ایڈہاک جج بن کر انہیں بطور جونیئر ترین جج کام کرنا زیب نہیں دیگا۔ ایڈہاک جج لگانے سے عدلیہ کی ساکھ متاثر ہو گی، سپریم کورٹ بار ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر محمد قیصر امین رانا نے کہا کہ ایڈہاک ججوں کی تعیناتیاں غلط روایات کو جنم دینگی۔