کوہ ہمالیہ سے بلند پاک چین دوستی نئے دور سے گزر رہی ہے: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 68 برسوں پر محیط کوہ ہمالیہ سے بلند پاک چین دوستی نئے دور سے گزر رہی ہے، 46 ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں اقتصادی راہداری کا منصوبہ عہد سا ز ثابت ہو گا۔ دونوں ملکوں کے عوام بھی ایک دوسرے کے لئے دوستی بھرے جذبات رکھتے ہیں۔ لاہور میں چین کے قونصل جنرل آفس کے قیام سے دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ ساہیوال کول پروجیکٹ، لاہور کراچی موٹروے، اورنج لائن ٹرین پروجیکٹ، انفراسٹرکچرکی مضبوطی اور دیگر منصوبے پاک چین دوستی کی مضبوطی کے باعث بنیں گے۔ حمزہ شہباز نے یہاں پارٹی سیکرٹریٹ میں چین کی کیمونسٹ پارٹی کے سربراہ، سابق گورنر اور ڈپٹی قونصل جنرل مسٹر وانگ سانیون کی قیادت میں چین کے 11 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو اسوقت کئی محاذوں پر چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ہمارے سکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کیخلاف جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اور چین کو بھی دہشت گردی کا سامنا ہے۔ حمزہ شہباز نے چینی وفدکو بتایا کہ لاہور کے عوام شدت کیساتھ اورنج لائن ٹرین چلنے کے منتظر ہیں۔ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو بھاری اکثریت حاصل ہوئی جو وزیراعظم محمد نوازشریف کی پالیسیوں پر عوام کے بھر پور اعتماد کا اظہار ہے۔ چینی وفد کے سربراہ مسٹر وانگ سانیون نے پاکستان میں حالیہ برسوں میں ہونے والی ترقیاتی پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں غیرمعمولی ترقی قابل تحسین ہے جو وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی انتھک محنت ولگن کا نیتجہ ہے۔ انہوں نے حمزہ شہبازکو بیجنگ کے دورے کی دعوت دی۔ چینی وفد کے شرکاء نے زندہ دلان لاہور کی طرف سے کی جانے والی مہمان نوازی کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ حمزہ شہباز کی طرف سے مہمانوں کی چینی اور دیسی کھانوں کے ساتھ تواضع کی گئی جبکہ انہوں نے فرداً فرداً تمام مہمانوں سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ حمزہ شہباز نے چینی وفد کے سربراہ مسٹر وانگ سانیون کو بادشاہی مسجد کی پینٹنگ کا تحفہ پیش کیا۔ دریں اثناء حمزہ شہباز نے کہا کہ معاشرتی بہتری کیلئے میڈیا کا ذمہ دارا کردار قابل ستائش ہے جس کے باعث کرپشن بے نقاب ہو رہی ہے۔ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے سیاسی تفریق سے بالا تر ہو کر ہم سب ایک ہیں۔ حمزہ شہباز نے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شعور بیدار ہو رہا ہے، سیاست بدل رہی ہے ، عوام صرف ڈلیور کرنے والوں کو پذیرائی کریں گے اور حالیہ بلدیاتی الیکشن اس امر کا واضح اظہار ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ کسی بھی حکومت کیلئے وسط مدتی الیکشن انتہائی مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ دھرنوں کی سیاست دفن ہو چکی اب کام کرنے کا وقت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ میگا پراجیکٹ اپنی جگہ اہمیت کے حامل ہیں لیکن گلی نالی کا درست ہونا اور لوگوں کے مسائل کا بنیادی سطح پر فوری حل بھی ضروری امر ہے۔ مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء کے الیکشن میں عوام کے سامنے سرخرو ہو گی۔ ہمارے ہاں بدقسمتی سے ابھی تک سرکاری محکموں میں سرخ فیتے کا عنصر پایا جاتا ہے۔